اسپین آرائیگو لابورال کا نیا قانون نئی تبدیلیاں 15 اگست سے آ رہی؟ بڑا اعلان

اسپین آرائیگو لابورال کا نیا قانون نئی تبدیلیاں 15 اگست سے آ رہی؟ بڑا اعلان
آرائیگو لابورال سے کیا مُراد ہے اور سوموار 15 اگست 2022 کے بعد آرائیگو لابورال کیوں پہلے جیسا نہیں رہے گا؟

 جیسا کہ ہم جانتے ہیں، اب تک نافذ العمل قانون کے مطابق آرائیگو لابورال کاغذات حاصل کرنے کا وہ طریقہ ہے جس میں سپین میں مقیم کوئی بھی غیر مُلکی اپنی 2 سال کی رہائیش/پادرون ثابت کرنے کے ساتھ اگر کسی بھی کمپنی یا دکان پر 6 ماہ کا کام ثابت کر دے تو اُسے کاغذات حاصل ہو جاتے ہیں۔


 گزشتہ سال ایک اہم عدالتی فیصلے کی روشنی میں اِس قانون میں مزید نرمی ہو گئی تھی۔ اس کے بعد حکومت نے اُس نرمی کو اپنے قانونی طریقے سے محدود کر دیا تھا (جیسا کہ وہ کام لازمی طور پر ہفتہ وار 40 گھنٹے ہونا چاہیے) جس سے کافی زیادہ کنفیوژن پیدا ہو گئی تھی۔ تاہم ہم جانتے ہیں کہ بارسلونا منسٹری میں مجموعی طور پر آسانی کا اطلاق ہی جاری رہا ہے۔ جن جگہوں پر قانون کا اطلاق سخت انداز میں کیا جا رہا تھا وہاں بھی عدالتوں میں اپیلوں کے ذریعے سائلین بالآخر جیت جاتے تھے۔ 

 اب تک اس قانون کے تحت سپین میں غیر قانونی طور پر مقیم لوگ مندرجہ ذیل طریقوں سے لیگل ہوتے تھے:
 مثال نمبر 1:
 ایک غیرقانونی طور پر مقیم شخص کسی کمپنی میں، کسی دکان پر، کسی ریسٹورنٹ میں یا کسی بھی جگہ کام کر رہا ہے، اور وہاں اتفاقاً سیگوریداد سوسیال کی انسپیکشن ٹیم آجاتی ہے اور وہ دیکھتے ہیں کہ اِس شخص کے پاس ڈاکومنٹس نہیں اور کام کر رہا ہے، وہ اپنی تحقیق سے ثابت کرتے ہیں کہ اس نے 6 ماہ یا اس سے زیادہ اِس جگہ پر کام کیا ہے۔ ایسی صورت میں اُس جگہ کے مالک کو جرمانہ ہوتا ہے اور چونکہ آفیشلی یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ اُس غیرمُلکی نے 6 ماہ سے زیادہ کام کیا ہے تو وہ شخص اُسی رپورٹ کی بنیاد پر اپنی مقامی منسٹری سے اپنے کاغذات حاصل کر لیتا ہے۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بعض کیسز میں ورکر اور مالک باہمی رضاء مندی کے ساتھ بھی ایسا کیا کرتے تھے۔

 مثال نمبر 2:
 غیر قانونی طور پر مقیم شخص اسائلم (ازیل) کی درخواست دیتا ہے، اُس کو سفید رنگ کا ایک کاغذ مِلتا ہے (جس کو ریسگواردو کہا جاتا ہے) اُس پر NIE درج ہوتا ہے، بعض صورتوں میں کام کی محدود اجازت بھی ہوتی ہے۔ وہ شخص اُس درخواست کے جواب آنے سے پہلے پہلے یا اُس کے مُسترد ہونے کے بعد تک کام کرتا رتا ہے، جب اُس کے Vida Laboral یعنی کام کی ہسٹری میں 6 ماہ کام دکھائی دینے لگ جائے تب وہ اُسی کو بنیاد بنا کر اپنی مقامی منسٹری میں 2 سال کی پادرون کے ہمراہ اپنے کاغذات حاصل کرنے کی درخواست دائر کر دیتا ہے۔

 اسی طرح کی مزید مثالیں بھی ہیں، تاہم اب ایکسترانخیریا کے قانون میں ترمیم اور 15 اگست کے بعد نئے قانون کے اطلاق سے کاغذات حاصل کرنے کا یہ طریقہ بہت محدود ہونے جا رہا ہے، بلکہ بعض صورتوں میں مکمل طور پر ختم ہو رہا ہے۔ 


 آرائیگو لابورال کے نئے قانون کے مطابق مندرجہ ذیل تبدیلیاں ہیں: 
 درخواست گزار کا صرف وہ کام قابلِ قبول ہو گا جو اُس نے لیگل حیثیت میں رہتے ہوئے کیا ہو۔ اس طرح اوپر ہماری مثالوں میں موجود دونوں صورتیں (اِنسپیکشن یا اسائلم کی درخواست کے ساتھ کام) نئے قانون میں قابلِ عمل نہیں رہیں گی۔

 آرائیگو لابورال میں درخواست گزار کا صرف آخری 2 سال میں ہونے والا کام مدِ نظر رکھا جائے گا۔ صرف وہ کام قابلِ قبول ہو گا جو 6 ماہ کے دوران ہفتہ وار کم از کم 30 گھنٹے تک کیا ہو۔ یا 12 ماہ کے دوران ہفتہ وار 15 گھنٹے کام کیا ہو۔ اس طرح اچھی بات یہ ہو گی کہ اب وہ غیرمُلکی جو سپین میں اپنی تعلیم کے دوران کام کرتے رہے ہیں، چونکہ وہ اُس وقت لیگل حالت میں رہائش پذیر تھی، اُن کا وہ کام بھی قابلِ قبول ہو گا، یعنی وہ اُس کام کو بنیاد بنا کر قانونی حیثیت حاصل کر سکیں گے۔

 ایسے کام بھی قابلِ قبول ہونگے جو Cuenta Propia پر ہوئے ہوں، یعنی درخواست گزار نے وہ کام کسی اور کے پاس کرنے کی بجائے اپنے ذاتی کام کے طور پر (کاروبار/بزنس) کیے ہوں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے