برطانیہ: گائیوں میں خطرناک وائرس، حکام نے علاقہ سیل کردیا
برطانیہ میں پاگل پن کا شکار گائے سامنے آنے کے بعد سرکاری حکام نے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے علاقے کو سیل کر دیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں میڈ کاؤ ڈیزیز سامنے آنے پر علاقے کو سیل کر دیا گیا۔
برطانیہ کے جنوب مغربی علاقے سمرسٹ کے ایک فارم پر میڈ کاؤ کی نشاندہی ہوئی جس کے بعد سرکاری حکام نے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے علاقے کو سیل کر دیا۔
حکام کے مطابق بیماری کا شکار جانور مر گیا اور اسے تلف بھی کر دیا گیا ہے تاہم علاقے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فوڈ سیفٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور بیماری کی تفصیلات بھی جاننے کی کوشش ہو رہی ہے۔
میڈ کاؤ ڈیزیز کا نام بوائین اسپونگ فورم انسیفالوپیتی (بی ایس ای) ہے اور اس سے قبل اس قسم کا کیس سال 2018 میں سامنے آیا تھا جب اسکاٹ لینڈ کے ایک فارم پر یہ بیماری سامنے آئی تھی۔
ابر ڈین شائر کے ایک فارم میں پاگل پن کے مرض میں مبتلا گائے مرض کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ سے قبل ہی ہلاک ہو گئی تھی جبکہ احتیاطی تدابیر کے طورپر مزید 3 سے 4 گائے ذبح کی گئی تھیں۔
0 تبصرے