لندن: برطانیہ میں ایک خاتون کے ساتھ رات کے وقت پارک میں چہل قدمی کے دوران خوف ناک واقعہ پیش آیا، جس نے خاتون کے ہوش اڑا دیے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں رہنے والی 43 سالہ سوسن ٹریفٹب چند دن قبل رات نو بجے نارتھ فیلڈز، ایلنگ میں واقع پارک بلونڈن میں چہل قدمی کرنے نکلیں تو پارک میں ان پر لاتعداد خون خوار چوہوں نے حملہ کر دیا۔
سوسن نے دعویٰ کیا ہے کہ چہل قدمی کے دوران جب ان کی نظر گھاس پر گھومتے بے شمار چوہوں پر گئی تو وہ اچھل پڑیں، اتنے سارے چوہے دیکھ کر وہ بری طرح خوف زدہ ہو گئیں۔
سوسن کے مطابق وہ پارک سے نکلنے لگیں تو چوہوں نے اچانک ان پر حملہ کر دیا، جس سے ان کے ہاتھ اور پیر کترنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خاتون اتنے سارے چوہوں کو دیکھ کر خود کو بیمار محسوس کرنے لگیں، انھوں نے بتایا کہ چوہے میرے پیروں پر رینگ رہے تھے، میں انھیں پاؤں مار کر دور کر رہی تھی، لیکن اندھیرا ہونے کی وجہ سے یہ دیکھ پانا مشکل تھا کہ چوہے کہاں سے آ رہے ہیں، اور چوہے میرے پیروں کو کاٹ رہے تھے اور میرے جسم کے اوپر چڑھنے کی کوشش کررہے تھے۔
اور مزید اس کے علاوہ سوسن کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس طرح کے کسی واقعے کے بارے میں سنا بھی نہیں تھا اس لیے انھیں سمجھ نہیں آیا کہ وہ کس سے مدد مانگیں، تاہم ایلنگ کونسل کے ترجمان نے کہا ہے کہ پارکوں وغیرہ میں گندگی اور بچے ہوئے کھانے کو جانوروں کے لیے چھوڑ دینے کی وجہ سے عام طور پر چوہے پارک میں آتے ہیں۔
0 تبصرے