برطانیہ کی حکومت کا 19 جولائی سے کورونا پابندیاں ختم کرنے کا پلان
برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے ملک میں کورونا وبا کی وجہ سے عائد سماجی اور معاشی پابندیوں کو ہٹانے کے حوالے سے حکومتی منصوبہ پیش کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ’بورس جانسن نے تصدیق کی ہے کہ حکومت 19 جولائی کو کورونا کے حوالے سے عائد پابندیوں کو ختم کرنے جارہی ہے جس کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔‘
ان کے مطابق ’مذکورہ فیصلے کے تحت تقریبات میں سماجی فاصلہ رکھنے، گھر سے کام کرنے اور ماسک پہننے کی پابندی ختم کردی جائے گی۔‘
وزیراعظم جانسن ملک کے ویکسینیشن پروگرام پر انحصار کرنے کا خطرہ مول لے رہے ہیں کہ اس پروگرام کے سبب کورونا کی نئی لہر کی صورت میں ملک کے نظام صحت پر زیادہ بوجھ نہیں آئے گا
ویکسینیشن کے سبب برطانیہ میں کورونا کی وبا سے متاثر ہوکر ہسپتال میں داخل ہونے والوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے۔
اس منصوبے کے تحت نائٹ کلبز کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی اور ہوٹلوں اور دوسری جگہوں پر افراد کی تعداد پر کوئی قدعن نہیں ہوگی۔ سماجی دوری کے حوالے سے جاری گائیڈ لائنز کو بھی ختم کیا جائے گا۔
بورس جانسن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’ہمیں اپنے آپ سے سچ بات کرنی چاہیے کہ اگر ہم اگلے چند ہفتوں کے دوران اپنی سوسائٹی کو نہیں کھول سکتے جبکہ گرمیوں اور سکولوں میں چھٹیوں کی وجہ سے ایسا کرنا آسان ہوگا تو پھر ہم کب ایسا کرسکتے ہیں اور معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ بورس جانسن کی حکومت صحت کے حوالے سے صرف انگلینڈ کے لیے پالیسی بناتی ہے جب کہ سکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے لیے انگلینڈ کی حکومت پالیسی نہیں بنا سکتی۔
کورونا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کے اعتبار سے برطانیہ دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں ساتوں نمبر پر ہے اور وزیراعظم بورس جانسن پر الزام ہے کہ انہوں نے برطانیہ میں تینوں لاک ڈاؤن لگانے میں تاخیر سے کام لیا۔
0 تبصرے