برطانیہ کے وزیر صحت ساجد جاوید کرونا میں مبتلا۔
برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے کہا ہے کہ اُن کی COVID-19 رپورٹ مثبت آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی علامات ہلکی ہیں، اور وہ شُکر گزار ہیں کہ اس بیماری کے خلاف ویکسین کی دو خوراکیں لے چکے ہیں۔
ساجد جاوید نے 17 مارچ کو ٹویٹ کیا تھا کہ انہیں کوویڈ کے خلاف آکسفورڈ آسٹرا زینیکا ویکسین کا پہلا شاٹ لگ گیا ہے، جس کے بعد اُنہوں نے 16 مئی کو ویکسین کی دوسری خوراک لینے کی تصویر بھی شائع کی۔
پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے شائع کردہ تجزیہ سے پتہ چلا ہے کہ آسٹرا زینیکا ویکسین کی دو خوراکیں کرونا کی ڈیلٹا قسم سے علامتی بیماری کے خلاف 60 فیصد اور ہسپتال میں داخل ہونے کے خلاف 92 فیصد موثر ہیں۔
انفیکشن کو روکنے میں ویکسین 100٪ مؤثر نہیں ہیں، لیکن مکمل طور پر ویکسین شدہ لوگوں کو کوویڈ کا مثبت ٹیسٹ آنے کی صورت میں شدید بیماری میں مبتلا ہونے کا امکان کم ہو جاتا ہے۔
ساجد جاوید حال ہی میں برطانیہ کے وزیر صحت بنے ہیں۔ جاوید وزیرِ اعظم بورس جانسن کے کرونا وائرس سے متعلق قانونی پابندیاں ختم کرنے کے فیصلے کے حامی ہیں۔
برطانیہ کو کوویڈ 19 کی نئی لہر کا سامنا ہے، لیکن جانسن اور جاوید کا دعوی ہے کہ ویکسین پروگرام نے بڑے پیمانے پر کوویڈ 19 کے کیسز اور اموات کے درمیان لنک کو توڑ دیا ہے۔
برطانیہ کوویڈ 19 سے زیادہ اموات کی فہرست میں ساتویں نمبر پر ہے، اور اس کے دو تہائی بالغ شہریوں کو مکمل طور پر ویکسین لگ چُکی ہے۔ کچھ سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ حکومت کی طرف سے پابندیاں ختم کرنے سے کرونا کیسز میں دوبارہ شدت آ سکتی ہے۔
0 تبصرے