برطانوی پولیس کا بڑا کام 18 کروڑ پاؤنڈ کی کرپٹو کرنسی برآمد


برطانوی پولیس نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں 18 کروڑ پاؤنڈ کی غیر قانونی کرپٹو کرنسی برآمد کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی پولیس نے ریکارڈ 18 کروڑ پاؤنڈ کی کرپٹو کرنسی برآمد کی ہے جس کے بارے میں خدشات ہیں کہ اسے مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال کیا گیا۔ 


 میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے دوران یہ بڑی چوری پکڑی گئی ہے، اور اس چوری کا تعلق گزشتہ مہینے ہونے والے واقعے سے ہے۔ میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک مہینہ قبل انھوں نے 11.4 کروڑ پاؤنڈ کی کرپٹو کرنسی برآمد کی تھی، تب سے منی لانڈرنگ کے خلاف تحقیقات پیچیدہ اور بڑے پیمانے پر ہو رہی ہیں، محکمے نے اس رقم اور اس سے ممکنہ طور پر جڑے جرم کا پتہ لگانے کے لیے بہت محنت کی ہے۔ کرپٹو کرنسی برآمد ہونے کے بعد پولیس نے 24 جون کو منی لانڈرنگ کے خدشات پر ایک 39 سالہ خاتون کو گرفتار کیا تھا، جنھیں بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ نائب اسسٹنٹ کمشنر گراہم میک نلٹی کا کہنا تھا کہ جرم کی دنیا میں کیش اب بھی بادشاہ ہے، لیکن ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بننے کے بعد ہم مجرموں کو منی لانڈرنگ کرنے کے لیے کرپٹو کرنسی کا استعمال کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ گراہم میک نے بتایا کہ پہلے اس کے خلاف کارروائی کرنا مشکل تھا لیکن اب پولیس کو اس کے لیے خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے